اڈیالہ روڈ کی تعمیر کیلئے 37 کروڑ 15 لاکھ روپے کے فنڈز منظور
لاہور (کامرس رپورٹر) حکومت پنجاب نے گورنمنٹ سرونٹ ہاﺅسنگ فاﺅنڈیشن سے لے کر اڈیالہ جیل راولپنڈی تک اڈیالہ روڈ پر تعمیراتی کام کو مکمل کرنے کیلئے ترمیمی سکیم کے تحت مبلغ 37 کروڑ 15 لاکھ روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی۔مذکورہ سکیم کو مکمل کرنے کیلئے اضافی فنڈز راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی اپنی آر ڈی اے سکیمز کی بچت سے فراہم کرے گی۔مذکورہ سکیم کی منظوری محکمہ ہاﺅسنگ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب کی ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ سب کمیٹی کے زیر صدارت اجلاس میں دی گئی۔اڈیالہ روڈ پر سڑک کے ڈھانچے کو برقرار رکھنے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ڈرینوں، کلورٹ ایکسٹینشن، سیور پائپ اور اس سے متعلقہ دیگر تعمیراتی کام کو آئندہ معینہ مدت میں مکمل کر لیا جائے گا۔مزید برآں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مذکورہ سکیم پر عملدرآمد کیلئے نومبر 2014میں اڈیالہ روڈ کی تعمیر کی سکیم کو صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 28 کروڑ 46 لاکھ 44 ہزار روپے میں منظور کیااور اس سکیم کو مکمل کرنے کیلئے معینہ مدت 24 ماہ مقرر کی گئی تھی۔