مذہبی جماعتیں اگلا الیکشن ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے لڑیں گی: ابوالخیر زبیر
حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے پاکستان کو چوروں اور لٹیروں سے اسوقت تک نجات نہیں ملے گی جب تک عوام بے داغ اور دیندار لوگوں کو اسمبلیوں میں نہیں لائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر سید شبیر حسین شاہ حافظ آبادیؒ کے عرس کی مرکزی تقریب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خدا کے فضل و کرم سے ملی یکجہتی کونسل کے بطن سے مذہبی جماعتوں کا ایسا اتحاد بنے گا جس کے پلیٹ فارم سے مذہبی جماعتیں انشاء اﷲاگلا الیکشن مل کر لڑیں گی۔اقوام متحدہ میں نواز شریف نے عالمی رائے عامہ کو ہموار کرنے کا موقع گنوا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اتحاد اہلسنت کے لئے ہرقسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں لیکن بعض لوگ اس میں رخنہ اندیزی ڈال رہے ہیں۔تقریب سے پیر سید محفوظ شاہ ایم۔پی۔اے، ڈاکٹر خادم خورشید الازھری، بیرسٹر پیر سید وسیم الحسن نقوی، مفتی طاہر تبسم، قاری محمد افضال، مولانا قاضی احمد حسن چشتی، علامہ محمد عارف نعیم نوری نے بھی خطاب کیا۔