کراچی رینجرزسے مقابلے میں گینگ وار کا کارندہ ہلاک
کراچی( کرائم رپورٹر) رینجرز کی لیاری میں کارروائیاں فائرنگ کے تبادلے میں گینگ وار کا کارندہ ہلاک ایک بھتہ خو ر کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے سنگولین میں گینگ وار میں ملوث استاد تاجو گروپ کے کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو مسلح ملزمان نے فائرنگ شروع کردی اور رینجرز کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم مارا گیا جس کی شناخت یونس بلوچ عرف پانڈے کے نام سے ہوئی جو استاد تاجو گروپ کا مل ایریا کا کمانڈر اور قتل ، اقدام قتل، بھتہ خوری اور اغوابرائے تاوان سمیت سنگین جرائم میں ملوث تھا ۔ اس کے قبضے سے پستول اور دو دستی بم برآمد ہوئے جب کہ ملزم کے دیگر ساتھی ملا سہیل، سردار آصف ، یوسف پٹھان اور ایمان پٹھان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ادھر بغدادی کے علاقے شاہ بیگ لین میں رینجرز نے ایک دوسری کارروائی میں مقابلے کے بعد ایک بھتہ خور محسن عر ف کاکا کو زخمی حالت میں گرفتار او راس کے قبضے سے اسلحہ برآ مد کرلیا۔ رینجرز کے ترجمان کے مطابق ملزم محسن عرف کاکا دو کانداروں کو بھتے کی پرچیاں تقسیم کررہا تھا۔ دریں اثنا سی تی ڈی پولیس کی نارتھ کراچی میں کارروائی القاعدہ برصغیر کے امیر اور نائب امیر سمیت نو دہشت گردوں کو گرفتار کرکے عاشورہ کے موقع پر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا ۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی گرفتاری نارتھ کراچی سے اس وقت عمل میں آئی جب وہ اپنے خفیہ ٹھکانوں پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ اس موقع پر اسلحہ کے علاوہ چار بلاک بم، چاردستی بم، خودکش جیکٹ او ربارودی مواد بھی برآمد کرلیا گیا ۔ایس ایس پی سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوںمیں القاعدہ برصغیر کراچی کے امیر فیض الرحمن عرف عبداللہ عرف دانیال او رنائب امیر مصطفی عرف شہزاد کے علاوہ القاعدہ برصغیر اورنگی ٹاﺅن کے امیر سعید عرف کالو، ٹارگٹ کلر محمد افروز، ابراہیم عرف ساجد او ر دیگر شامل ہیں جن سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ ایس ایس پی نے یہ بھی بتایا کہ گرفتار دہشت گرد متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی منظر امام کے قتل ، تھانوں پرحملے اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔ علاوہ ازیں پولیس نے کراچی کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹاﺅن سے سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے مبینہ ٹارگٹ کلر کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیاہے۔پولیس کے مطابق ملزم کو موٹر سائیکل پر گشت کے دوران روکا گیا۔ تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی۔ملزم نے تفتیش کے دوران سیاسی جماعت سے تعلق، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، ڈکیتی اور منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
رینجرز پولیس چھاپے/ گرفتاریاں