نواب شاہ سے بھی بڑی تعداد اسلحہ فوجی وردیاں برآمد
نواب شاہ(محمد اسلم منیر ) نواب شاہ میں ایئرپورٹ کے قریب واقع لکھمیر کالونی میں حساس ادارے اورپولیس کا مشترکہ آپریشن بڑی تعداد میں آٹو میٹک اسلحہ‘ گولیاں‘ بم بنانے کا سامان‘ پولیس اور آرمی کی وردیاں برآمد کرلی گئیں‘ آٹھ ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔پولیس کے مطابق محرم الحرام میں بڑی دہشت گردی کی کارروائی کا منصوبہ ناکام بنادیاگیا۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی تنویر حسین تنیو اور ڈی ایس پی اعجاز ترین نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ خفیہ اطلاع پر حساس ادارے اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایئرپورٹ کے قریب واقع لکھمیر کالونی میں آپریشن کیا اور چھپایا گیا غیر قانونی اسلحہ جس میں ایس ایم جی رائفلز‘ کلاشنکوف‘ ریوالورز‘ پستول‘ بیٹیریا‘ بڑی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئیں جبکہ اندھیرے میں دیکھنے والی ٹیلی اسکوپ اور ڈیوائس بھی برآمد ہوئی ہے۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ کچھ ایسا بھی سامان برآمد ہوا ہے جو میڈیا کے سامنے پیش نہیں کیا گیا جسے فوج کے حوالے کیا جارہا ہے جو فرانزک رپورٹ میں بتائیں گے کہ یہ کیا ہے انہوں نے بتایا کہ چھاپے کے دوران آرمی کے یونیفارم اور پولیس کی وردیاں بھی برآمد ہوئیں جن پر مکمل اسٹار بھی لگے ہوئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ایسا اسلحہ بھی موجود ہے جوصرف فوج کے استعمال آتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آٹھ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کی شناخت بلاول بروہی‘ بخشل بروہی‘ محمد عارف بروہی‘ عبد النبی بروہی‘ شاہد لاکھو‘ قادر بخش لاکھو‘ عامر لاکھو کے نام سے ہوئی ہے جن سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ برآمد شدہ اسلحہ کے حوالے سے ایس ایس پی نے بت ایا کہ تمام اسلحہ آٹو میٹک اور جدید ہے اور اس میں فوری بم بنانے کے آلات بھی موجود ہیں جبکہ بعض ایسی چیزیں ہیں جو عام دستیاب نہیں ہیں صرف فوج کے استعمال میں ہوتی ہیں اس لئے ہم اس بارے میں نہیں بتاسکتے اس سامان کو فوج کے حوالے کیا جارہا ہے جو بتائیں گے کہ اس سے کیا چیز بن سکتی ہے۔
نواب شاہ/ اسلحہ برآمد