زیتون کی پیداوار میں اضافے کا منصوبہ ‘800 ایکڑ پر باغات لگانے کا فیصلہ
اسلام آباد (اے پی پی) زیتون کی پیداوار میں اضافہ کیلئے 382ملین روپے کی لاگت سے ملک بھر میں زیتون کی کاشت کے حوالے سے موزوں علاقوں میں 800 ہیکٹر رقبہ پر باغات لگائے جائیں گے۔ ایگری کلچرریسرچ کونسل اٹلی کے تعاون سے تین سالہ منصوبہ شروع کرے گی جس کے تحت بلوچستان میں 300 ہیکڑز، خیبر پی کے میں 100ہیکڑ، فاٹا میں 300 ہیکڑز اور پنجاب کے پوٹھوہار ریجن میں بھی 100ہیکڑز رقبہ پر زیتون کے باغات لگائے جائیں گے ۔ منصوبہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کیا جائے گا جس میں پی اے آر سی، مقامی ادارے، غیر سرکاری ادارے اور کسانوں کی مختلف تنظیمیں مل کر کام کریں گی۔ زیتون کی باغبانی کے منصوبے سے ملک میں زیتون کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوگا جس سے زیتون کی درآمد پر خرچ ہونے والے قیمتی زرمبادلہ کی بچت کے ساتھ ساتھ درآمدی بل میں بھی کمی ہوگی۔ اس کے علاوہ منصوبہ کی تکمیل سے لوگوں کے ذرائع آمدنی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہونگے جس سے غربت کی شرح میں کمی اور بے روز گاری کے خاتمہ میں نمایاں مدد ملے گی۔