پالیسیوں سے اختلاف‘ ق لیگ کی سینیٹر نیلوفر بختیار کی اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کےلئے درخواست
اسلام آباد (آن لائن) ق لیگ کی سینیٹر نیلوفر بختیار نے پارٹی پالیسیوں سے اختلاف کرتے ہوئے (ق) لیگ کے حکومتی اتحاد سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سینٹ میں اپوزیشن نشستوں پر بیٹھنے کے لئے سینٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی۔ ذرائع کے مطابق ق لیگ کی جانب سے حالیہ وفاقی وزراءکے حکومتی پالیسیوں کے خلاف استعفی دینے کے بعد صدر زرداری اور مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت سے ہونے والی ملاقات کے بعد پارٹی صدر کی ہدایت کے بعد ق لیگ کے وزراءنے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کیا تھا تاہم پارٹی قیادت کی جانب سے اس اقدام پر پارٹی کے بعض سینئر رہنماﺅں میں سخت تشویش پائی گئی۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر نیلو فر بختیار نے تصدیق کی کہ انہوں نے سینٹ میں اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کی سینٹ سیکرٹریٹ میں درخواست جمع کرادی ہے ،جس کی بڑی وجہ ان کی پارٹی پالیسیوں پر عدم اطمینان کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت ایک دن اپوزیشن میں جانے کا اعلان کرتی ہے اور اگلے ہی روز حکومت میں واپسی کا بھی اعلان کر دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی پالیسیوں کے حوالے سے پارٹی کے رہنماﺅں کو اعتماد میں نہیں لیا جارہا اور وہ موجودہ حالات میں (ق) لیگ کے حکومتی اتحاد کا حصہ نہیں رہ سکتی ہیں اس لئے انہوں نے علیحدگی کا فیصلہ کرتے ہوئے سینٹ سیکرٹریٹ میں درخواست جمع کرائی ہے ۔