اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ وقت نیوز+ ایجنسیاں) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم کی طرح بھاشا ڈیم کو متنازعہ بننے دیں گے نہ اسے سیاست کی نذر ہونے دیںگے۔ 18 اکتوبر کو بھاشا ڈیم کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔ جتنے میگا منصوبے اس دور میں شروع اور مکمل ہو رہے ہیں کبھی ایسا نہیں ہوا تھا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں امیر مقام اور دیگر کے نکتہ اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ لواری ٹنل کا منصوبہ ذوالفقارعلی بھٹو کے دور میں شروع ہوا تھا۔ منصوبے کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے دو اجلاس کر چکا ہوں‘ دو ارب روپے جاری کردئیے گئے ہیں۔ دریں اثناءگلگت بلتستان کے ترقیاتی پروگرام کیلئے 52.3 ارب روپے کی منظوری دیدی گئی۔ دریں اثناءگلگت بلتستان کونسل کے دوسرے بجٹ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی سماجی و اقتصادی ترقی حکومت کی ترجیح ہے، سالانہ ترقیاتی پروگرام میں گلگت بلتستان کے 563 سکیموں کیلئے 52.3 ارب روپے مختص کئے گئے، وفاقی پی ایس ڈی پی کے ذریعے 13.2 ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے جا رہے ہیں، گلگت بلتستان میں انکم ٹیکس کا نفاذ مالی خود مختاری کی جانب اہم قدم ہے، وزیراعظم گلگت بلتستان کونسل کے چیئرمین بھی ہیں، اجلاس میں گلگت بلتستان کونسل کے انچارج وزیر میاں منظور احمد وٹو، نائب چیئرمین و گورنر پیر کرم علی شاہ، وزیر اعلیٰ سید مہدی شاہ اور کونسل کے ارکان نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت اپنے امور چلانے میں مکمل طور پر خود مختار ہے، گلگت بلتستان کے عوام کا اپنا گورنر، وزیر اعلیٰ اور اسمبلی ہے جو متعدد امور پر قانون سازی کر سکتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کی بجلی پیدا کرنے، سیاحت اور معدنیات کے شعبوں میں بڑی صلاحیت ہے اور دیامیر بھاشا ڈیم جیسے بڑے منصوبے ملک کی توانائی اور خوراک کے تحفظ کیلئے انتہائی اہم ہیں۔ ڈیم تکمیل پر 4500 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے اور 8.1 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت رکھے گا اور اس منصوبہ سے علاقہ کے لوگوں کیلئے روزگار کے بڑے مواقع میسر آئیں گے، یہ منصوبہ معاشی لحاظ سے بھی بڑا فائدہ مند ہو گا۔ اس کے علاوہ حکومت بونجی ڈیم پر بھی کام کا آغاز چاہتی ہے جو 11 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کا حامل ہو گا ان بڑے منصوبوں کے علاوہ مختلف چھوٹے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس پر کام بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی موجودہ حکومت نے وہ کچھ کر دکھایا جو ماضی میں پارلیمنٹ میں دوتہائی اکثریت رکھنے والی جماعت بھی نہ کر سکی۔دریں اثناءوزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ارکان پارلیمنٹ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس عوام کو دینے کے لئے کچھ نہیں۔ اپوزیشن اپنی پالیسیوں کی وجہ سے تنہائی کا شکار ہو چکی ہے‘ متحدہ اور ق لیگ اپوزیشن کا ساتھ نہیں دیں گی۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024