لاہور ہائیکورٹ نے ڈینگی سے متعلق تحقیقاتی کمشن کا نوٹیفکیشن تبدیل کرنے پر وضاحت طلب کرلی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ڈینگی کے پھیلاﺅ، ہسپتالوں میں ڈینگی اور طبی موت کے باعث جاں بحق ہونیوالے افراد کے اعداد و شمار کے تعین اور انکوائری نوٹیفکیشن میں ردوبدل کیخلاف دائر درخواست پر تحقیقاتی کمیشن کے نوٹیفکیشن تبدیل کرنے پر وضاحت طلب کرتے ہوئے سماعت 21 اکتوبر تک ملتوی کردی ہے۔ گزشتہ روز تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ آفتاب سلطان نے اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی جبکہ درخواست گزار محمد اظہر صدیق نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے 5 ستمبر کو ڈی آئی جی آفتاب سلطان کو ڈینگی کے پھیلاﺅ کے حوالے سے تمام معاملات کی تفتیش کا حکم دیا جسے بعدازاں صرف سپرے کی خریداری تک محدود کردیا گیا۔ پنجاب حکومت کا یہ اقدام بدنیتی پر مبنی ہے۔ جس پر عدالت نے اس ضمن میں ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔