لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ ہم خیال کے رہنماوں مشاہد اللہ خان اور کشمالہ طارق نے صدر آصف زرداری کے اس بیان کو آمرانہ ذہنیت کا آئینہ دار قرار دیا ہے کہ سیاست کو خوب سمجھتے ہیں اور یہ کہ دھرنوں سے جانے والے نہیں تاہم مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سینئر نائب صدر آزاد بن حیدر نے صدر زرداری کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ لائٹ موڈ میں کی گئی بات کو اتنا سنجیدہ نہیں لینا چاہئے۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ مرحوم ذوالفقار علی بھٹو کو بھی اپنی کرسی مضبوط ہونے کا بہت گھمنڈ تھا اور اب اُن کے داماد محترم نے بڑھک لگائی ہے کہ دھرنوں سے جانے والے نہیں اور سیاست گویا ان کے سوا اور کوئی نہیں جانتا۔ انہوں نے کہا کہ ”دھرنا“ غیر جمہوری قدم نہیں بلکہ جلسے‘ جلوس‘ دھرنے جمہوریت کا حصہ ہیں‘ اُس پر صدر مملکت کی بوکھلاہٹ قابل دید ہے۔ مسلم لیگ ہم خیال کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات کشمالہ طارق نے کہا کہ صدر صاحب مفاہمت کے بہت بڑے پرچارک ہیں لیکن انہوں نے جس انداز میں باتیں کیں اُن سے تکبر کی بو آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”دھرنے“ حکومت گرانے کے لئے نہیں بلکہ جذبات حکمرانوں تک پہنچانے کے لئے کئے جاتے ہیں لیکن لگتا ہے کہ موجودہ حکمران سمجھ رہے ہیں کہ شاید اب ان کا وقت پورا ہونے کو ہے۔ مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سینئر نائب صدر آزاد بن حیدر نے کہا کہ ہمیں اس سے اختلاف نہیں کہ جلسے‘ جلوس‘ دھرنے جمہوریت کا حصہ ہیں لیکن صدر زرداری نے غالباً ہلکی پھلکی بات کی اسے آمرانہ ذہنیت قرار دینا مناسب نہیں۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024