ڈینگی قاتل، ایک بچی اورتین خواتین سمیت مزید پانچ افراد کوابدی نیند سلادیا، ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک سو ترانوے ہوگئی ۔
پنجاب بھر میں اب تک ڈینگی کے چودہ ہزار سے زائد مریض سامنے آچکے ہیں جبکہ مرض کی بڑھتی ہوئی شدت کے باعث عوام شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں، ڈینگی کا سب سے بڑا نشانہ صوبائی دارالحکومت لاہور ہے جہاں آج ایک بچی سمیت مزید چار خواتین دم توڑ گئیں جبکہ ڈیرہ غازی خان میں بھی ایک شخص چل بسا جس کے بعد لاہور میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ایک سو تراسی جبکہ پنجاب بھر میں دم توڑنے والوں کی تعداد ایک سو ترانوے ہوگئی ہے۔ آج لاہور کےگنگارام ہسپتال میں زیرعلاج کوٹ خواجہ سعید کی رہائشی چوبیس سالہ رابعہ ڈینگی کے باعث انتقال کرگئی جبکہ میوہسپتال میں زیرعلاج پیرزادہ کالونی کی سات سالہ علیزہ بھی مہلک وائرس کا شکارہوکردم توڑگئی۔ ادھرسروسز ہسپتال میں باغبان پورہ کی رہائشی ساٹھ سالہ مختاراں بیگم اورٹمپل روڈ کی رہائشی ساٹھ سالہ مسزاقبال پلیٹ لٹس کی کمی کا شکارہوکرچل بسی۔ دوسری جانب ادھرڈیرہ غازی خان میں کوٹ وحید کارہائشی تیس سالہ محمد اسحاق بھی ڈینگی بخارسےجاں بحق ہوگیا۔پنجاب میں مجموعی طور پر اب تک ڈینگی کے چودہ ہزار مریض سامنے آچکے ہیں۔متاثرین میں سب سے زیادہ افراد کا تعلق لاہور سے ہے۔حکومت کی طرف سے پلیٹ لٹس کٹس کی تقسیم اور دیگر حفاظتی اقدامات کے باوجود ڈینگی پر قابو نہیں پایاجاسکا۔