سائٹ ایسوسی ایشن کی وزیراعظم کے بجلی ٹیرف پیکیج کیلئے اہم تجاویز
کراچی(کامرس رپورٹر)سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالہادی نے وزیراعظم عمران خان کے ایس ایم ایز اور بڑی صنعتوں کے لیے اعلان کردہ بجلی ٹیرف پیکیج کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم تجاویز پیش کی ہیں جس میں وزیراعظم سے درخواست کی گئی ہے کہ چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کے70کلو واٹ لوڈ کو 140کلو واٹ تک کیا جائے تاکہ ایس ایم ایز اضافی بجلی کے استعمال پر 50فیصد بجلی کے رعایتی ٹیرٖف کا فائدہ اٹھاسکیں جبکہ بڑی صنعتوں کے لیے اضافی لوڈ منظور کروانے کے لیے کے الیکٹرک کے طریقہ کار کو آسان بنایا جائے اور لاگت کو کم کیا جائے۔ عبدالہادی نے ایک بیان میں کہاکہ ایس ایم ایز میں شمار ہونے والی چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کو 70کلو واٹ لوڈ تک بجلی استعمال کرنے کی اجازت ہے اور جس ایس ایم ایز کا لوڈ 70کلو واٹ سے بڑھتا ہے تو وہ ایس ایم ایز کی کیٹگری سے خارج ہوجاتی ہے لہٰذا یہ بات غور طلب ہے کہ ایس ایم ایز کو وزیراعظم عمران خان کے اعلان کردہ بجلی ٹیرف پیکیج سے مستفید ہونے کے لیے 70کلو واٹ سے لوڈ کو بڑھانا ہوگا اور اضافی بجلی کے حصو ل کے لیے کے الیکٹرک سے نیا لوڈ منظور کروانا ہوگا۔