عوام کو ریلیف فراہم کرنا میرا ٹارگٹ ہے،جاوید انصاری
ملتان (سپیشل رپورٹر)سپیشل کواڈینیٹر ٹو وزیر اعلی پنجاب برائے پرائس کنٹرول جاوید اختر انصاری کی زیر صدارت کمشنر آفس میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہو جس میں اختر محمود اور ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے شرکت کی جبکہ خانیوال، وہاڑی اور لودھراں کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔سپیشل کوآرڈینیٹر جاوید اختر انصاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے جوذمہ داری دی ہے اس سے عہدہ برآ ہونے کی بھرپور کوشش کرونگا،صوبہ کی عوام کو ریلیف فراہم کرنا میرا ٹارگٹ ہے،مہنگائی کو کنٹرول کرنا اس حکومت کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہے،سیاسی قیادت اور انتظامیہ کے افسران مل کر مہنگائی کا جن بوتل میں بند کر سکتے ہیں،جاوید اختر انصاری نے کہا کہ کمشنر جاوید اختر محمود سہولت بازاروں کے لئے جس محنت اور لگن سے کام کررہے ہیں اس کے نتائج سامنے آ رہے ہیں،مجھے فخر ہے کہ پرائس کنٹرول کے حوالے سے ملتان، لاہور کے بعد ٹاپ پر ہے۔کمشنر ملتان نے جاویداخترانصاری کو نئی ذمہ داری ملنے پر توقع کا اظہار کیا کہ سپیشل کوآرڈنیٹر برائے پرائس کنٹرول کی قیادت میں انتظامیہ کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی ۔کمشنر ملتان نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ چینی کو ہر گلی،محلے اور بازار تک پہنچائیں،ڈیلر ایسوسی ایشن کے ذریعے بھی چینی کی فروخت یقینی بنائی جائے،تمام اضلاع میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں تشکیل دی جائیں جن میں ممبران اسمبلی،عمائدین علاقہ اور ٹائیگر فورس کے نمائندوں کو شامل کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ ملتان کے11 سہولت بازاروں میں آٹے کا کوٹہ دوگنا کر دیا گیا ہے جب کہ سہولت بازاروں میں چینی وافر مقدار میں دستیاب ہے، سرکاری کوٹے کے آٹے میں گڑبڑ کرنے پر 4 فلور ملوں کا گندم کا کوٹہ معطل کردیا گیا ہے۔