برآمدی انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کوشاںہیں‘ گورنر سٹیٹ بنک
سیالکوٹ (نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) سٹیٹ بنک کے گورنر رضا باقر نے ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کا دورہ کیا۔ ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک سیما کامل، منیجنگ ڈائریکٹر محمد اشرف خان اور ڈائریکٹر ایکسچینج پالیسی ارشد محمود بھٹی ان کے ہمراہ تھے۔ صدر سیالکوٹ چیمبر آ ف کامرس قیصر اقبال بریار نے خطاب کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بنک کی جانب سے ملکی برآمدی انڈسٹری کو ریلیف فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ برآمدات کے فروغ اور سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کی خدمات کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔ اس مو قع پر سابق صدر چیمبر ڈاکٹر نعمان ادیس بٹ، سابق صدر چیمبر خواجہ خاور انور، چیئرمین ایئر سیال فضل جیلانی، چیئرمین کمیٹی کارپوریشن محمد اعجاز غوری، ملک محمد اشرف اعوان، نائب صدر چیمبر خرم اسلم بٹ، عنصر عزیز پوری بھی موجود تھے۔ صدر چیمبر نے کہا کہ سیالکوٹ کی انڈسٹری میں اپنی برآمدات کو دوگنا کرنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے لیکن اس کیلئے حکومتی تعاون درکار ہے۔گورنر سٹیٹ بنک نے خطاب کرتے ہوئے قومی معیشت میں سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کے فعال کردار کو سراہا۔ انہوں نے برآمدکنندگان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم ملکی برآمدی انڈسٹری کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے بھرپور کام کر رہی ہے۔ ایس ایم ایز کیلئے فنانسنگ اوربرآمدات کا فروغ ان کی سب سے اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ گورنر سٹیٹ بنک نے ملکی انڈسٹری اور کاروباری اداروں کو فروغ دینے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ بھی دی۔