ملک میں گندم وافر مقدار میں دستیاب ہے ، فخر امام
کبیروالا(نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق سید فخرامام نے موضع بلاول پور میں سید گروپ کے مرکزی رہنما اور سابق چیئرمین یونین کونسل رائو جمشید علی خاں سے ان جوان سالہ بیٹے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر رائو محمد ارشد علی خاں کی وفات پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں گندم کی وافر مقدار میں دستیاب ہے اور درآمد کے ذریعے بھی مقدار میں مزید اضافہ کیا جائے گا ،سرکاری، نجی اور گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ معاہدوں کی بنیاد پر گندم درآمد کر کے خسارے کو پورا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ نومبر میں روس سے ایک لاکھ 80 ہزار ٹن گندم گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ معاہدے کے تحت تین جہازوں میں پاکستان پہنچے گی جبکہ دسمبر میں ٹریڈنگ کارپوریشن کے ذریعے12 جہازوںمیں چھ لاکھ ٹن ٹن گندم لائی جائے گی،جنوری میں ٹریڈنگ کارپوریشن کے مزید 13 جہاز چھ لاکھ 80 ہزار ٹن گندم پاکستان لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی پر توجہ دی ، جس کی وجہ سے پاکستان میں کوویڈ 19 کم ہوا۔اس موقع پر عابد امام،رائو محمد علی خاں،ٹھیکے دا رائو محمد سعیدخاں ،رائو حاجی محمد شاہدخاں،رائو محمد نفیس خاں،رائو مسعود احمدخاںایڈووکیٹ ،رائو محمد اویس خاں،رانا ماجد مصطفیٰ اور دیگر بھی موجود تھے۔