کراچی اور سندھ کی تباہی کے ذمہ داروں کا آج یوم احتساب: مصطفی کمال
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی آج سرکاری وسائل کے بغیر کراچی میں تاریخی جلسہ عام کرے گی، باغ جناح میں جلسے عام کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔چیئر مین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ باغِ جناح کا تاریخی جلسہ دنیا کو بتا دے گا کراچی پاکستان کی معیشت کو ہی نہیں بلکہ سیاست کو بھی لیڈ کرتا ہے، پاک سر زمین پارٹی تنہا اسی باغِ جناح میں تاریخی جلسہ کرئے گی جہاں 11 سیاسی جماعتوں نے مل کر جلسہ کرنے کی ناکام کوشش کی تھی اور عوام سے جھوٹ بولا تھا۔ پاک سر زمین پارٹی حکمرانوں اور پی ڈی ایم کے جھوٹ کا پردہ چاک کرئے گی۔ کراچی اور سندھ کی تباہی کے زمہ داروں کا آج یوم احتساب ہے۔ کراچی میں بارش کے بعد کیمرے لگا کر 1100 ارب کا لولی پاپ دیا گیا، جسکا دور دور تک کچھ آتا پتہ نہیں، ہم یہ کھیل اب بند کریں گے۔ کراچی پونے تین ہزار ارب دیتا ہے، کراچی کو خیراتی پیکیج نہیں اسکا حق چاہیئے، حقیقت تو یہ ہے کہ کراچی پاکستان کو پیکج دیتا ہے۔ آج کراچی کے لوگ پی ایس پی کے پلیٹ فارم سے کھڑے ہوکر کراچی سمیت پورے پاکستان کی بات کریں گے، پی ایس پی ایس او پیز کا خیال کرتے ہوئے تاریخ رقم کرنے جارہی ہے۔ ہم کسی کو سرکاری خرچ پر نہیں لائیں گے بلکہ لوگ خود آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے باغِ جناح میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صدر پی ایس پی انیس قائم خانی سمیت دیگر مرکزی زمہ داران بھی موجود تھے۔