اخوت اور امن کے لئے اسوہ رسولؐ کی پیروی ضروری ہے، صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی
کراچی (سٹی نیوز) علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے مرکزی چیئرمین سفیر امن پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی مرشدی سجادہ نشیں دربار عالیہ بھیج پیر جٹا نے کہا ہے کہ اس وقت انتہاپسندی، فرقہ واریت، لسانیت اور دہشتگردی کے فتنے سے چھٹکارا پانے کے لئے تمام علماء مشائخ پاکستان کی تنظیموں اوراکابرین کو متحد ہوکر مربوط منصوبہ بندی کے ساتھ مشترکہ جدوجہد کے لئے میدان عمل میں اترناہوگایہ پوری دنیا کے تمام انسانوں کی مشترکہ ضرورت ہے چنانچہ اس عظیم کاوش کو کو کامیابی سے ہم کنار کرنے کے لئے وطن عزیز تمام مقتدر و غیر مقتدر حلقوں اور بلا تفریق مذہب و مسلک،ر نگ و نسل، قوم و زبان کے عوام و خواص میں قرآن سنتؐ اور نظریہ پاکستان کی روشنی میں اتحاد امت کے شعور کے فروغ کے لئے تمام علماء مشائخ عظام کی تنظیموں اور اکا برین پر مشتمل علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے اجلاس سے صدارتی خطاب میں کیا، اجلاس میں محترمہ حاجرہ بی بی حقانی سجادہ نشیں دربار حقانیہ، پیر غلام غوث محی الدین جانی شاہ، پروفیسر ڈاکٹر جلال الدین نوری،علامہ سید محسن کاظمی، پروفیسر ڈاکٹر علامہ محمود عالم آسی خرم، پروفسر ڈاکٹر علامہ عبدالصمد نقشبندی، خلیفہ سید مسرور حسین ہاشمی خانی، خلیفہ افضل وارثی، خلیفہ مجتبیٰ حسنین حقانی، پروفیسر ڈاکٹر علامہ سعید احمد، مفتی فیض الہادی، پیر عبدالغنی سہروردی، سید معین الدین شاہ،پیر محمد احمد چشتی، صاحبزاہ کامران سرفراز چشتی، پیر غلام مدنی اور دیگر شریک تھے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کا مشن ہے کہ پاکستان کے نصاب تعلیم میں ایسے مواد کو شامل کرنے کی کوشش کرنا جس میں پاکستان میں بسنے والے مسلمان فرقوں کا تعارف اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے نیز ردتکفیری کا درس شامل ہو۔