نیا پاکستان بنائیں گے، دوبارہ اقتدار میں بھی آئیں گے: گورنر
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے بیانیہ میں کوئی تسلسل نہیں۔ احتجاج کا مقصد اپنا بچاؤ اور مفادات کا تحفظ ہے۔ ہم نیا پاکستان بنائیں گے اور انشاء اللہ دوبارہ اقتدار میں بھی آئیں گے۔ آئندہ انتخابات کسی بیانیہ پر نہیں گڈ گورنس پر ہی ہونے ہیں۔ عوام اگر کسی حکومت کو نہ گرانا چاہیں تو کوئی بھی طاقت حکومت کو گرا نہیں سکتی۔ وزیراعظم عمران خاں کی قیادت میں پاکستان درست سمت میں جا رہا ہے اور عوام حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم شفاف اور بلاتفریق احتساب کے حامی ہیں۔ تحریک انصاف کا کوئی بھی رْکن احتساب سے خوفزدہ ہوکر بیرون ملک نہیں ہے۔ وہ ہفتہ کے روز لاہور میں کپاس کی پیداوار کو بہتر بنانے والی لیبارٹری کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ کرونا ایک بار پھر پھیل رہا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ موجودہ حالات میں جلسے اور بڑے اجتماعا ت نہ کریں اور ایس او پیز پر عمل یقینی بنائیں۔