کسی قسم کا دبائو نہیں، لاہور قلندرز کے کھلاڑی اعتماد کیساتھ میدان میں اتریں گے: ثمین رانا
لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا نے کہا ہے کہ ہم پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہے۔ کھلاڑی دباؤ کے بجائے اضافی اعتماد کیساتھ میدان میں اتریں گے۔ لاہور قلندرز پہلی مرتبہ پلے آف میں پہنچے ہیں اور اس سفر میں شائقینِ کرکٹ نے قلندرز کیساتھ جس لگاؤ کا مظاہرہ کیا ہے اسے کبھی نہیں بھلایا جا سکتا۔ شائقین کی محبت ناقابلِ فراموش ہے لاہور میں ہونیوالے میچز میں ہزاروں کی تعداد میں پرستاروں کی سٹیڈیم میں موجودگی ہی ہمارے اعتماد کا سبب ہے۔ حارث رؤف، شاہین آفریدی اور فخر زمان پاکستان کی طرف سے اچھا کھیل رہے ہیں، ڈیوڈ ویزے، بین ڈنک اور سمیت پٹیل بھی اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ سہیل اختر نے بہترین قیادت کرتے ہوئے انتخاب کو درست ثابت کیا تھا ہم ایک مرتبہ پھر اچھے نتائج کیلئے پر امید ہیں۔ سب سے بڑا چیلنج براہ راست ناک آؤٹ میچز میں حصہ لینا ہے اس مرحلے پر جو کھلاڑی مضبوط اعصاب کیساتھ بہتر اور بروقت فیصلے کریں گے وہی ٹیم کامیاب رہیگی۔ ہمارے ننھے برانڈ ایمبیسڈر عبدالاحد ناصر بھی ساتھ ہونگے۔ فاتح ٹیم کی حیثیت سے ایونٹ کو ختم کریں۔ کرس لین کے علاوہ سب کھلاڑی وہی ہیں جو پہلے حصے میں ٹیم کا حصہ تھے۔ تمیم اقبال کو شامل کیا ہے وہ اچھے کھلاڑی ہیں۔ پہلا ہدف پلے آف کھیلنا تھا ۔ ناک آؤٹ مرحلے کے دباؤ کا مقابلہ کرنا سب سے بڑا ہدف ہو گا۔ یہاں تجربہ کار کھلاڑی اپنی کارکردگی سے فرق پیدا کر سکتے ہیں۔ توجہ تو ٹائٹل جیتنے پر ہے اور شائقین کی سب سے بڑی خواہش بھی لاہور قلندرز کی فتح ہے۔