پاکستان کو پہلی بار کبڈی ورلڈ کپ کی میزبانی مل گئی
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کبڈی فیڈریشن نے پہلی بار جنوری 2020ء میں سرکل سٹائل کبڈی ورلڈ کپ کرانے کا اعلان کر دیا ۔ ٹورنامنٹ میں تین براعظم کی دس ٹیمیں حصہ لینگی، آٹھ ممالک نے شرکت کی یقین دہانی کرا دی جبکہ18 ممالک نے شرکت کیلئے خواہش کا اظہار کیا ہے۔ اس بات کا اعلان پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر چوہدری شافع حسین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 12 سے 18 جنوری تک ورلڈ کپ میں پاکستان سمیت ایران، بھارت، کینیڈا، انگلینڈ، آسٹریلیا، سیرالون، امریکہ اور کینیا شامل ہیں۔ ناروے اور سپین کی جانب سے ٹورنامنٹ میں شرکت کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔ بھارتی کبڈی فیڈریشن کی جانب سے عالمی کپ میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے امید کرتے ہیں کہ رواں ماہ کے اختتام تک ان کی جانب سے تحریری بھی جواب مل جائیگا۔ تمام میچز لاہور میں ہونگے۔ فاتح ٹیم کو ایک کروڑ روپے نقد اور ٹرافی جبکہ رنر اپ کو 75 لاکھ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنیوالی ٹیم کو 50 لاکھ روپے ٹرافی کیساتھ دیئے جائیں گے۔ ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ہر ٹیم کو پانچ لاکھ روپے شرکت فیس دی جائے گی۔