معیشت میں سیاحت کا کردار نہایت اہم ہو چکا :آئی جی پنجاب
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہاہے کہ پنجاب پولیس سیاحوں کے بھرپور تحفظ ، سہولیات اور بروقت راہنمائی کر کے وطن عزیز کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کے لیے پوری طرح سرگرم عمل ہے اور اس سلسلے میں کرتار پور راہداری سے ٹورسٹ پولیس کا آغاز کیا گیا ہے، تا کہ یہاں آنے والے سکھ یاتریوں، عقیدت مندوں اور سیاحوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ عصر حاضر میں کسی بھی ملک کی معیشت میں سیاحت کا کردار نہایت اہم ہو چکا ہے۔ اس لیے پنجاب پولیس میں ٹورسٹ پولیس کا خصوصی دستہ تشکیل دیا گیا ہے، جو یہاں آنے والے سکھ زائرین اور سیاحوں کے وزٹ کو یادگار بنانے کے لیے اپنے فرائض بھرپور محنت، فرض شناسی اور ایمانداری کے ساتھ ادا کریں گے ۔نارووال سے شروع کی گئی ٹورسٹ پولیس کے پہلے دستے میں100جوان شامل ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نارووال کے دورے کے موقع پر ٹورسٹ پولیس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ آئی جی پنجاب نے دربار صاحب کرتار پورکا بھی دورہ کیا اور 9نومبر کو ہونے والی افتتاحی تقریب کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔