حکومت پر دباؤ ڈالنے کیلئے مزید افرادی قوت دھرنا میں طلب
اسلام آباد (محمد نواز رضا ۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی نے وفاقی حکومت پر دبائو بڑھانے کے لئے مزید افرادی قوت دھرنا میں طلب کر لی ہے۔ آج خیبر پی کے، سندھ، بلوچستان اور سندھ سے سینکڑوں گاڑیاں دھرنا میں پہنچیں گی۔ رہبر کمیٹی نے دھرنا میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آج ’’دھرنا‘‘ میں ہزاروں افراد شامل ہو جائیں گے ۔ دھرنا میں شامل جو افراد اپنے گھروں سے گرم کپڑے لینے گئے تھے وہ بھی آج واپس آجائیں گے۔ ذرائع کے مطابق رہبر کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر سردار ایاز صادق نے ذکر کیا کہ اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے صدر کے خلاف مواخذہ کی تحریک لائی جائے گی جسے رہبر کمیٹی نے سراہا تاہم صدر کے مواخذہ کے خلاف تحریک عدم اعتماد رہبر کمیٹی کے ایجنڈے پر شامل نہیں تھی اس لئے اس کی باضابطہ طور پر منظوری نہیں دی گئی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ اس وقت حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور چوہدری پرویز الہی الگ الگ مذاکرات کر رہے ہیں حکومت اس بات کی وضاحت کرے کہ مذاکرات کے حوالے سے کون بااختیار ہے۔ ذرائع کے مطابق تاحال حکومت وزیر اعظم کے استعفا اور اسمبلیاں تحلیل کرنے کے مطالبہ پر کوئی بات کرنے کے لئے تیار نہیں۔ جب کہ مولانا فضل الرحمن استعفے سے کم بات نہیں کر رہے یہی وجہ ہے مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیںہوئی۔