تحریک آزادی کشمیر کو نئے ولولہ کی ضرورت، مذہبی انتہا پسندی ، اسامہ نے بہت نقصان پہنچایا: وزیراعظم آزاد کشمیر
برسلز (نوائے وقت نیوز) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کو نئے ولولے کی ضرورت ہے۔ کشمیر کونسل ای یو کے آفس برسلز میں یوم شہدا جموں کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ 1947ء کا تنازع جموں خون اور آگ کا ایک دریا ہے جسے کشمیر کے عوام نے عبور کیا۔ خطہ کشمیر میں بہت ظلم ہوا ہے او یہ ظلم ہر طرف سے ہوا‘ لیکن ہندوستان نے جدید اور ماضی قریب اور حال کی تاریخ میں بہت ظلم کیا ہے اور یہ ایک حقیقت ہے جو ریکارڈ پر موجود ہے۔ وزیراعظم نے کہا 1947ء میں جموں کے مسلمانوںپر بہت ظلم ہواہے۔ شیخ عبداللہ کی غلطی تھی کہ اس نے بھارت پر اعتماد کیا اور اس کی غلطی کی سزا آج تک کشمیر کے عوام بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک آزادی کشمیر بیرون ممالک یورپ اورامریکہ میں مقیم کشمیریوں کی اہم ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر کی شمع کو جلائے رکھیں۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا مذہبی انتہاپسندی اور اسامہ بن لادن نے ہماری تحریک کو بہت نقصان پہنچایا۔