شیخ الجامعہ سے اساتذہ وفود کی ملاقات‘ سنڈیکیٹ ایجنڈا تبدیل
کراچی (نیوزرپورٹر) شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان سے اساتذہ کے منتخب نمائندوں پر مشتمل دو وفود نے ملاقات کی جس کے بعد سنڈیکیٹ ایجنڈے میں تبدیلیاں کردی گئیں۔ ترجمان کے مطابق نامساعد مالی حالات کے سبب بائیومیٹرک حاضری کے حوالے سے سنڈیکیٹ کے ایجنڈے میں شامل آئٹم کو حذف کردیا گیا ہے۔ اسطرح اساتذہ کا ایک دیرینہ مطالبہ ازخود پورا ہوگیا۔اساتذہ کے نمائندوں نے توجہ دلائی ہے کہ اساتذہ کی پروموشن کے لئے بنائے گئے پروفارماپر کمیٹی کے تمام اراکین کا اتفاق نہیں ہے ،لہذا کمیٹی کے تمام افراد کے کسی ایک دستاویز پر متفق ہونے تک اس کو سنڈیکیٹ میں زیر بحث نہیں لایا جاسکتا۔ غیر تدریسی عملے کی اگلے گریڈ میں ترقی کے ایجنڈا آئٹم کے حوالے سے غورکرنے کو غیر تدریسی عملے کی سنڈیکیٹ میں نمائندگی تک موخر کیا جارہاہے تاکہ غیر تدریسی عملے کے نمائندوں کی موجودگی میں ہی اس پر کوئی فیصلہ کیا جاسکے۔پرانی تاریخ سے رجوع بکاری کرنے کو فی الحال زیر بحث نہیں لایا جائے گا۔جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ انتظامیہ جامعہ کراچی کی ترقی اور ملازمین کی فلاح وبہبود کے لئے تمام تر وسائل استعمال کرے گی ۔وائس چانسلر سیکریٹریٹ کے دروازے تمام اساتذہ،طلباء وملازمین کے لئے کھلے ہیں اور جامعہ کراچی کی تعمیر وترقی کے لئے ہر قسم کی مشاورت اور تنقید کو خوش آمدید کہا جائے گا۔