حضرت امام حسنؓ نوجوانان جنت کے سردار ہیں: مفتی اکرام الحسن فیضی
کراچی(نیوز رپورٹر) حضرت امام حسینؓ جوانان جنت کے سردار ہیں اور نبی اکرمﷺ کی شبیہ تھے۔ ان خیالات کا اظہار مفتی اکرام المحسن فیضی نے عرس سیدنا امام حسنؓ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انجمن ضیائے طیبہ کے تحت تقریب میں ذکر و اذکار کے ساتھ ساتھ ختم قادریہ کی محفل ہوئی اور لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔ علمائے کرام نے فضائل اہل بیت بیان کئے اور سیدنا امام حسنؓ کے خائص کا تذکرہ کیا۔ تقریب عرس میں اللہ رکھا قادری ضیائی اور مبشر قادری ضیائی نے بھی شرکت کی۔ مفتی اکرام المحسن نے کہا کہ آپ نے پیادہ25 حج کئے اور باوجود سواری کے حج کا سفر پیدل طے کیا۔ عبادت میں خوف خدا کی کیفیت اس قدر غالب ہوتی کہ چہرہ مبارک دوران وضو متغیر ہوجاتا۔ قرآن کریم کی سورۃ دہر میں اہل بیت کی سخاوت کا تذکرہ ہے حضرت امام حسن کسی سائل کو خالی ہاتھ نہ بھیجتے بلکہ فرماتے کہ میں اللہ کی بارگاہ میں سوالی ہوں تو یہ کیسے ممکن ہے کہ میں کسی سوال کرنے والے کو محروم رکھوں۔ محفل کے اختتام پر استحکام پاکستان اور امت مسلمہ کے اتحاد و ترقی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔