کھلاڑیوں کے حوصلے بلند‘ نیوزی لینڈ کو بھی شکست دینگے : مصباح الحق

08 نومبر 2014

ابوظہبی (سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد نیوزی لینڈ کو بھی شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور انہیں یقین ہے کہ نیوزی لینڈ کو بھی سیریز میں شکست دیں گے۔ ہمیں اسی طرح سے کرکٹ کھیلنی ہے جس طرح آسٹریلیا کے خلاف کھیلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کو کوئی جواب نہیں دوں گا۔ میری کارکردگی ہی ان کیلئے جواب ہے۔ نئے کھلاڑیوں نے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ان کیلئے موقع ہے کہ وہ پرفارم کرکے اپنی جگہ پکی کر لیں۔ ورلڈکپ کیلئے مضبوط ٹیم تشکیل دیں گے۔ آسٹریلیا اور یہاں کے حالات کافی مختلف ہیں، امید ہے ہماری ٹیم وہاں اچھا پرفارم کرے گی۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل ابوظہبی میں کھیلا جائیگا۔ قبل ازیں پاکستان نے آسٹریلیا کو 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو صفر سے شکست دی تھی۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین دنیا کے مختلف گراﺅنڈز میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچوں میں جیت کے حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کا پلہ بھاری ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین 1955ءسے لے کر 2011ءتک 50 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے جس میں سے پاکستان نے 23 ٹیسٹ میں فتح حاصل کی جبکہ نیوزی لینڈ نے7 ٹیسٹ میچز جیتے 20 میچز ڈرا ہوئے۔ پاکستان کی ٹیم نے اب تک دنیا کی مختلف ٹیموں کے مابین 384 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں جن میں سے 120 میں کامیابی حاصل کی 109ہارے اور 155برابر ہوئے جبکہ اس کے مقابلے میں نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے 1930ءسے لیکر 2014ءتک دنیا کی مختلف ٹیموں کے خلاف 394 ٹیسٹ میچز کھیلے 77 میں کامیابی حاصل کی 159ہارے اور 150 ڈرا کئے۔