لاہور ہائیکورٹ کے 8 ایڈیشنل ججز نے حلف اٹھا لیا، بار کا تقریب کا بائیکاٹ

08 نومبر 2014

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ کے آٹھ ایڈیشنل ججز نے عہدے کا حلف اٹھا لیا، ہائیکورٹ بار نے حلف برداری کی تقریب کا بائیکاٹ کیا، ایڈیشنل ججز کے حلف اٹھانے کے بعد ہائیکورٹ کے ججوں کی تعداد 57 ہوگئی۔ چیف جسٹس خواجہ امتیاز نے آٹھ ایڈیشنل ججز سے حلف لیا۔ ایڈیشل جج کی حیثیت سے حلف اٹھانے والوں میںجسٹس علی اکبر قریشی، جسٹس قاضی محمد امین احمد، جسٹس خالد محمود ملک، جسٹس چودھری مشتاق احمد، جسٹس مسعود عابد نقوی، جسٹس شاہد کریم، جسٹس مرزا وقاص رئوف اور جسٹس چودھری محمد اقبال شامل ہیں۔ دوسری جانب پریس کانفرنس سے خطاب میں ہائیکورٹ بار کے صدر شفقت محمود چوہان اور دیگر عہدیداروں نے کہا ہے کہ وکلاء نے ججز حلف برداری تقریب کا بائیکاٹ کرکے اصول کی بات کی ہے، ہمیں کسی جج کی ذات سے کوئی عناد نہیں بلکہ وکلاء میرٹ کی بنیاد پر ججوں کی تعیناتیاں چاہتے ہیں۔ بائیکاٹ کرکے احتجاج کا پہلا راستہ اختیار کیا۔ ججوں کی تعیناتیوں کے طریقہ کار پر موجود وکلاء کے تحفظات دور نہ کئے گئے تو سخت لائحہ عمل اختیار کریں گے۔ ایڈیشنل ججوں کا تقرر اور توسیع انصاف کا قتل اور آئین کے منافی ہے۔