نیپال کانفرنس نوازشریف‘ مودی کیساتھ ملاقات کیلئے پہل نہیں کریں گے

08 نومبر 2014

اسلام آباد (جاوید صدیق) نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں اس ماہ ہونے والی سارک سربراہ کانفرنس میں بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی سے پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف کی طرف سے ملاقات کیلئے پہل نہیں کی جائیگی۔ اگر بھارتی وزیراعظم اپنے پاکستانی ہم منصب سے بات چیت کیلئے تیار ہوں تو وہ خود اس ضمن میں پیشرفت کریں تو پاکستان کے وزیراعظم ملاقات کیلئے تیار ہوں گے۔ ایک مستند پاکستانی سفارتی ذریعہ نے نوائے وقت کو بتایا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے بھارت سے تعلقات بہتر بنانے کیلئے کئی پیشرفتیں کی ہیں۔ انہوں نے نریندرا مودی کی بطور وزیراعظم حلف برداری کی تقریب میں بھی شرکت کی لیکن بھارت کی طرف سے اس سفارتی پیشرفت کا مثبت جواب نہیں دیا گیا۔ الٹا بھارت نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بلاجواز فائرنگ شروع کرکے دونوں ملکوں میں تعلقات میں کشیدگی پیدا کردی۔ بھارت نے پاک بھارت خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان اس سال اگست میں مجوزہ ملاقات بھی اس بہانے منسوخ کر دی کہ  پاکستان  کے نئی دہلی میں ہائی کمشنر نے حریت کانفرنس کے لیڈروں سے کیوں ملاقات کی۔ پاکستان نے سارک سربراہ کانفرنس کے موقع پر بھارتی وزیراعظم سے وزیراعظم نوازشریف کی طرف سے ملاقات میں پہل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔