رحیم یار خان: ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو کالج میں جلسے کی اجازت دیدی، 12 نومبر کو ننکانہ، 15 کو ساہیوال میں میدان لگے گا

08 نومبر 2014

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف نے رواں ماہ ہونے والے آزادی جلسوں کا شیڈول جاری کر دیا۔ شیڈول کے مطابق 9 نومبر کو پہلا جلسہ رحیم یار خان، دوسرا 12 نومبر کو ننکانہ صاحب، تیسرا 15 نومبر کو ساہیوال، چوتھا 16 نومبر کو جہلم، پانچواں 19 نومبر کو گوجرانوالہ، چھٹا 21 نومبر کو لاڑکانہ، ساتواں 25 نومبر کو منڈی بہائو الدین، آٹھواں 27 نومبر کو قصور جبکہ 30 نومبر کو وفاقی دارالحکومت میں اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ میڈیا سیل کے انچارج چودھری رضوان نے بتایا رواں ماہ ہونے والے جلسوں کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ دریں اثناء تحریک انصاف کو 9 نومبر کو رحیم یار خان میں جلسے کی اجازت دیدی گئی۔ ضلعی انتظامیہ رحیم یار خان نے پارٹی کی مقامی قیادت کو گورنمنٹ خواجہ فرید کالج میں جلسہ کی اجازت دیدی۔ ضلعی انتظامیہ نے ایک روز قبل سکیورٹی رسک کے باعث جلسے کی اجازت دینے سے انکار کیا تھا۔