شاعر مشرق علامہ اقبال کے یوم ولادت پر کل خصوصی تقریب ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں ہو گی

08 نومبر 2014

لاہور (خصوصی رپورٹر) حکیم الامت، شاعرمشرق، مفکر پاکستان حضرت علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے 137ویں یوم ولادت کے موقع پر کل اتوار -9نومبر کو ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘ شاہراہِ قائداعظم لاہور میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہو رہی ہے جس کی صدارت چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ کریں گے جبکہ مہمان خاص سابق وزیراعلیٰ سندھ سید غوث شاہ ہوں گے۔ دیگر مقررین میں جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال‘ سجادہ نشین آستانہ عالیہ چورہ شریف پیر سید محمدکبیر علی شاہ‘ خوشنود علی خان‘ بیگم بشریٰ رحمن‘ ڈپٹی ایڈیٹر روزنامہ نوائے وقت سعید آسی‘ صاحبزادہ سلطان احمد علی‘ ڈاکٹر اجمل نیازی‘ سید زعیم حسین قادری‘ ولید اقبال ایڈووکیٹ اور صدر نظریۂ پاکستان فورم برطانیہ ملک غلام ربانی اعوان شامل ہیں۔ نیز ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد خیر مقدمی کلمات ادا کریں گے۔  تقریب کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے۔ علاوہ ازیں علامہ اقبال کے یوم ولادت  کے سلسلے میں نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین محمد رفیق تارڑ‘ ٹرسٹ کے عہدیداران اور کارکنان تحریک پاکستان کے ہمراہ آج ہفتہ -8نومبرکو 2بجے دوپہر مزارِ اقبال پر حاضری دیں گے۔ پھولوں کی چادریں چڑھائیںگے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔