گاڑیاں موٹرسائیکلیں چرانے والے 2 گروہوں کے 4 ملزم گرفتار

08 نومبر 2014

لاہور(نامہ نگار) اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف سٹی نے شاپنگ سنٹرز، ہائوسنگ سوسا ئٹیوں ،پلازوں اور دیگر تجارتی مراکز کے باہر سے کاریں اور موٹر سائیکلیں چوری کرنے والے2گروہوں کے4ملزموں کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پر لاکھوں روپے مالیت کی چوری شدہ کاریں، موٹر سائیکلیں، رکشہ، ماسٹر کیز اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سی سی پی او کیپٹن (ر) محمد امین وینس کی ہدایات پر ایس پی موبائلز زاہد نواز مروت کے احکامات پرا ینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف سٹی نے چھاپہ مار کر بٹ کارچور گینگ کے سرغنہ عثمان بٹ عرف بٹ اور اسکے ساتھی علی رضا کو گرفتار کر کے ان سے لاکھوں روپے مالیت کی 4چوری شدہ کاریں، رکشہ، ماسٹر کیزاورگاڑیاں کھولنے کے دیگر اوزار برآمد کئے ہیں۔ ملزمان یہ کاریں پشاور لے جا کر اونے پونے داموں فروخت کر دیتے تھے۔ اسی طرح اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف سٹی نے منا موٹر سائیکل چور گینگ کے سرغنہ مستنصر علی عرف منا اور اس کے ساتھی عنصر علی کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پر چوری کی گئی 4موٹر سائیکلیں ماسٹر کیز اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزموں نے تھانہ لیاقت آباد، ملت پارک، غازی آباد، پرانی انار کلی، لٹن روڈ اور سٹی رائیونڈ کے علاقوں میں موٹر سائیکل چوری کی 22مزید وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ۔