امام بارگاہ احمد کبیر میں بجلی نہ گیس‘ پانی بھی ناپید

08 نومبر 2013

ملتان (خاتون رپورٹر) ملتان کے قدیمی امام بارگاہ ”سید احمد کبیر“ 200 سال سے زیادہ عرصہ کے قیام کے بعد اکیسویں صدی میں بھی بنیادی انسانی سہولیات سے محروم ہے جبکہ عشرہ محرم کے آغاز سے ہی یہاں زنانہ مجلس عزا کا آغاز ہو چکا ہے۔ امام بارگاہ کے متولی خلیفہ محمد رمضان نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امام بارگاہ میں بجلی کا میٹر ہے نہ سوئی گیس کا‘ سرکاری پانی بھی نہیں‘ وسیع و عریض امام بارگاہ میں صرف ایک کچا پکا ہال ہے مٹی کا فرش ہے جہاں آجکل تعزیہ بنانے کا کام جاری ہے۔ رات کو اندھیرے کے باعث کام نہیں کر سکتے۔ مجالس میں ہمیں سیکورٹی نہیں دی گئی۔ چھوٹی دیواریں ہونے کے باعث دہشت گردی کے سائے مسلسل منڈلا رہے ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے سیکورٹی اور دیگر مسائل کے حل کا مطالبہ کیا ہے۔