امریکی ریاست مشی گن میں حجام کی دکان پر فائرنگ، 3 افراد ہلاک، 6 زخمی

08 نومبر 2013

واشنگٹن (آن لائن) امریکی ریاست مشی گن کے شہر ڈیٹرائٹ میں دکان پر فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔ڈیٹرائٹ کی پولیس ترجمان کیلی مینر کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ایک باربر شاپ میں پیش آیا۔ فائرنگ میں 9 افراد کو نشانہ بنایا گیا جن میں سے 3 موقع پر ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ ترجمان کے مطابق ابھی تک فائرنگ کی وجوہات کا علم نہیں ہو سکا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، حکا م کے مطابق حجام کی دکان پرجواکھیلا جاتاہے۔

فلپائن میں ”ہبان“ کے آج ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کا امکان
منیلا (بی بی سی) فلپائن میں حکام ہیبان نامی طوفان سے نمٹنے کی تیاری کر رہے ہیں جو آج جمعے کو کسی وقت ملک کے وسطی حصوں سے ٹکرائے گا۔ درجہ پانچ شدت کا یہ طوفان 278 کلومیٹر کی رفتار سے ساحل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ہیبان کو فلپائن میں یولانڈا کا نام دیا گیا اور یہ اس برس بحرالکاہل میں آنے والا سب سے طاقتور طوفان ہے۔
 علاقے میں سکول اور دفاتر بند ہیں اور ہزاروں  لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کر دیاگیا ہے۔ اس طوفان کی گزرگاہ میں وہ علاقے بھی شامل ہیں جو گزشتہ ماہ آنے والے 7.3 شدت کے زلزلے کی تباہی سے سنبھلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان میں بوہول نامی جزیرہ سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا۔ بوہول میں پانچ ہزار افراد زلزلے میں گھروں کے منہدم ہونے کے بعد اب بھی خیموں میں رہ رہے ہیں۔ اس زلزلے میں دو سو افراد ہلاک ہوئے تھے۔ فوج کا کہنا ہے کہ وہ دور دراز علاقوں میں لوگوں کیلئے خوراک اور امداد پہنچا رہی ہے اور ہیلی کاپٹر تیار کھڑے ہیں‘ تاہم بحری جہازوں کے ذریعے امداد روک دی گئی ہے اور ماہی گیروں کی کشتیاں بھی ساحل پر واپس بلا لی گئی ہیں۔ کئی صوبوں میں خطرے سے دوچار ہزاروں افراد کو منتقل کر دیا گیا ہے اور سکول اور دفاتر بند کر دیئے گئے ہیں۔ بعض علاقوں میں تیز ہوائیں چل رہی ہیں اور بارش ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے سرکاری ادارے نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ ایک انتہائی خطرناک طوفان ہے۔ مقامی حکام جانتے ہیں کہاں کہاں لوگوں کو خطرہ ہے اور انہیں وہاں سے نقل مکانی کی ہدایت کی جا چکی ہے۔ اس طوفان کے راستے میں کئی پہاڑیاں ہیں جو اس کو واپس دھکیلیں گی جن سے یہ مزید خطرناک ہو جائے گا۔