عراق: ملٹری بیس پرخودکش حملہ بم دھماکے 3 فوجیوں سمیت 16 جاں بحق

08 نومبر 2013

بغداد (اے ایف پی) عراق میں حملے ‘ کار بم دھماکے اور ملٹری بیس پر خودکش دھماکے میں 3فوجیوں سمیت16 افراد جاں بحق ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے بغداد کے قریب جدیدہ میں کار بم دھماکے سے 3 زائرین جاں بحق اور 9 زخمی ہو گئے۔ قریبی دکانوں اور مکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ادھر جنوبی بغداد میں پرہجوم جگہ پر بم پھٹنے سے ایک شخص جاں بحق اور کئی مضروب ہوئے۔ صوبہ انبار میں فوجی اڈے کے داخلی دروازے پر خودکش حملے سے 3 اہلکار مارے اور 6 زخمی ہو گئے۔ بلاد شہر میں دھماکے سے 4 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
جھاڑ کھنڈ: ڈائن قرار دیکر 8 ماہ میں 40 خواتینقتل
نئی دہلی (بی بی سی) بھارت کی مشرقی ریاست جھاڑ کھنڈ میں ڈائن قرار دیکر برہنہ گھمانے اور تشدد کا نشانہ بنانے کا نیا واقعہ سامنے آیا ہے۔ بھارت میں گزشتہ آٹھ ماہ میں ڈائن کے نام پر متعدد خواتین کو اپنی جان گنوانی پڑی ہے۔ جن کی تعداد 40بتائی گئی ہے۔ بی بی سی کیلئے صحافی نیرج سنہا نے لکھا ہے کہ جھاڑکھنڈ کی کدنی دیوی اس رسم کی نئی شکار بنی ہیں۔ ان کے مطابق کدنی دیوی کو ایک پنچایت میں مبینہ طورپر ڈائن قرار دیکر ان کے بال کاٹ دیئے گئے۔ بری طرح پٹائی کی گئی۔ کپڑے اتار دیئے گئے اور اہل خانہ کے سامنے سرعام برہنہ گاﺅں میں گھمایا گیا۔ یہ واقعہ جھاڑکھنڈ کے قبائل اکثریتی علاقے لوہردگا ضلع کے کوڑو تھانے میں ٹائی ڈومرٹولی گاﺅں کا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کر لی ہے اور چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔