ڈرون حملوں کیخلاف دفاع پاکستان کونسل کی اپیل پر آج یوم احتجاج منایا جائیگا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) دفاع پاکستان کونسل کی اپیل پر امریکی ڈرون حملوں کیخلاف آج 8 نومبر جمعہ کو پورے ملک میں یوم احتجاج منایا جائیگا۔ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، اسلام آباد، پشاور، ملتان، کراچی، حیدر آباد، کوئٹہ و دیگر شہروں میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں دوپہر اڑھائی بجے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہو گا جس میں امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید، مولانا عبدالرئوف فاروقی، ڈاکٹر فرید پراچہ، قاری محمد یعقوب شیخ، پیر سیف اللہ خالد اور دیگر رہنما خطاب کرینگے۔ علماء کرام خطبات جمعہ میں ڈرون حملوں اور نیٹو سپلائی کو موضوع بنائیں گے اور مذمتی قراردادیں پاس کی جائیں گی۔ گوجرانوالہ میں مرکزی ام القریٰ جی ٹی روڈ سے ریل بازار ٹیکسی سٹینڈ تک موٹر سائیکل ریلی نکالی جائے گی۔ فیصل آباد میں پریس کلب سے چوک گھنٹہ گھر تک ریلی نکالی جائے گی۔ کراچی میں پریس کلب کے باہر اور ملتان میں چوک نواں شہر میں احتجاجی مظاہرے ہونگے۔ دفاع پاکستان کونسل کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم ڈرون حملوں کے خلاف ہے۔ حکومت پاکستان کو ان حملوں پر کسی صورت خاموش نہیں رہنا چاہئے۔ محض زبانی احتجاج کافی نہیں ہے۔ اس سلسلہ میں دنیا کے ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کرنی چاہئے۔