ڈینگی سے مزید 2 خواتین جاں بحق‘ کانگو نے بھی ایک شخص کی جان لے لی
لاہور (نیوز رپورٹر‘ ایجنسیاں) ڈینگی کے باعث مزید 2 افراد دم توڑ گئے جبکہ کانگو وائرس سے بھی ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ 37 سالہ تنزیلہ رحمن کو ڈینگی وائرس کی تصدیق کے بعد نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا‘ تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔ حاجی پارک راج گڑھ کی رہائشی 35 سالہ انیتا اسلم ڈینگی وائرس کے باعث سروسز ہسپتال میں زیرعلاج تھی جہاں وہ گزشتہ روز چل بسی۔ علاہ ازیں شیخ زید ہسپتال میں زیرعلاج کانگو وائرس میں مبتلا ایک مریض دم توڑ گیا ہے۔ ٹانک کا رہائشی محمد شفق کانگو وائرس میں مبتلا تھا۔ دوسری جانب صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی سے متاثرہ 75 نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد ڈینگی کے مریضوں کی کل تعداد 1307 ہو گئی ہے۔