پنجاب میں 9 اور 10 محرم کو پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ

08 نومبر 2013

لاہور (نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ)  آئی جی پنجاب نے صوبے  میں 9 اور 10 محرم کو تمام پولیس اہلکاروں  کی چھٹیاں  منسوخ  کر دیں۔  آئی جی پنجاب نے حکم میں  کہا ہے کہ تمام اہلکار  اور عملہ 9  اور 10 محرم الحرام  کو ڈیوٹی یقینی بنائے۔  علاوہ ازیں  لاہور  میں محرم الحرام  کے دوران  دہشت گردی  کے ممکنہ خدشات  کے پیش نظر  روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشن  جاری ہے۔  پولیس و قانون نافذ کرنے  والے اداروں  نے  لاہور میں سرچ آپریشن  کرتے ہوئے مزید 37 مشتبہ  افراد  کو حراست  میں لے کر تفتیش  کے لئے  نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔  پولیس  ٹیم  نے قلعہ گجر سنگھ  کے علاقے میں ہوٹلوں  اور دیگر مقامات  پر سرچ آپریشن  کرکے 13 مشتبہ افراد کو حراست  میں لیا۔  پولیس کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن  دہشت گردوں  کے شہر میں  اطلاع  کے بعد کیا گیا ہے۔  علاوہ ازیں  پولیس حکام  نے شہر کے تمام  تھانوں  کے ایس ایچ  اوز کو  ہدایت جاری کی ہے کہ عوام  کے تعاون کے  ساتھ  دہشتگردوں  پر کڑی نظر رکھتے  ہوئے مشکوک افراد  کی تصدیق  کی جائے۔