دنیا کی زندگی عارضی اور آخرت کی ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ہے، حاجی عبدالوہاب

08 نومبر 2013

 رائے  ونڈ (نامہ نگار) فانی دنیا کیلئے دن رات ایک کرنے والے اگلے جہان میں خسارے میں رہیں گے، دنیا کی زندگی عارضی اور آخرت کی ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ہے، انسان کیلئے صرف دنیا ہی دارالعمل ہے آخرت صرف جزا ء اور سزا کی جگہ ہے۔ مرکزی امیر حاجی عبدالوہاب کے بیان سے عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا ہے ،افتتاحی بیان کے وقت تبلیغی مندوبین کی تعداد دولاکھ سے زائد بتائی جاتی ہے جبکہ دور دراز سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ،تمام محکمہ جات پہلے مرحلے کی طرح دوسرے مرحلے کے اجتماع میں بھی اپنی ڈیوٹیوں پر موجود ہیں حاجی عبدالوہاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تبلیغ دین انبیائے کرام علیہم السلام کا شیوہ ہے اور اپنے احکامات کو بنی نوع انسان تک پہنچانے کیلئے اللہ تعالیٰ نے ہمیشہ اپنے مقرب بندوں کا انتخاب کیا ہے ،ہمارے ہادی و مرشد حضرت محمد رسول اللہ  ﷺکی ذات مبارکہ پر نبوت کا سلسلہ قیامت تک کیلئے بند ہو گیا اور اب تبلیغ کا فریضہ امت محمدیہ کے ذمے ہے اور وہ لوگ دنیا اور آخرت میں خوش نصیب ہیں جو اللہ تعالیٰ کے احکامات اور نبی اکرم ﷺ کی سنت کو انسانیت تک پہنچانے کے لئے اپنا جان و مال صرف کرکے تبلیغ کی خاطر دنیا کے کونے کونے میں پہنچ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو دنیا کی رنگینیوں میں گم ہوچکے ہیں ان کے بارے صرف یہی کہا جاسکتا ہے کہ وہ دین سے دور ہیں اور ان کے ذہنوں سے موت اور آخرت کی زندگی کا تصور نکل چکا ہے انہیں دین محمدی ﷺ کے حصار میں لانا ہماری ذمہ داری ہے جس سے روگردانی کرنے والے بھی آخرت میں اللہ کے حضور شرمندہ ہوں گے ،اجتماع گاہ میں قائم حلقہ خواص میں بھی غیر ملکی مندوبین  کو دعوت و تبلیغ کے اہم ترین مشن کے بارے بریفنگ دینے کے لئے علمائے کرام اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اجتماع تین روز جاری رہے گا دوسرے مرحلے کی اجتماعی دعا 10نومبر بروز اتوار صبح 09بجے ہوگی۔ جمعرات کو اجتماع  کے دوران  معمولی بارش  ہوئی  جو شرکاء کی  دعا کے بعد تھم گئی، بارش کے بعد عملہ صفائی نے کیچڑ خشک کردیا۔