حکومت یورپی یونین کے فیصلے سے فائدہ اٹھائے

08 نومبر 2013

وزیر مملکت تجارت و نجکاری خرم دستگیر نے بتایا کہ یورپی یونین کی ٹریڈ کمیٹی نے پاکستان سمیت 10ممالک کو جی ایس پی پلس سکیم دینے کیخلاف قرارداد کو مسترد کر دیا ہے۔ یورپی یونین کے فیصلے سے پاکستان کی برآمدات ایک ارب ڈالر تک بڑھنے کا امکان ہے۔
پاکستانی معیشت کو مستحکم کرنے کا یہ اچھا موقع ہے۔ پاکستان کو مشرقی ایشیاءاور افریقہ کے مختلف خطوں میں اب نئی منڈیاں تلاش کرنے کا کام جلد شروع کرنا چاہیے۔ یورپی یونین کے 22ممالک میں برآمدات پر رعایت ملنے کے بعد ٹیکسٹائل کی برآمدات میں یقینی طور پر اضافہ ہو گا۔ اب ڈیمانڈ کو پورا کرنے کیلئے حکومت ٹیکسٹائل انڈسٹری کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے۔ اور توانائی کے بحران کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کی جائے کیونکہ یورپی یونین کے اس فیصلے کے بعد پاکستان کی برآمدات 6سو ملین ڈالر سے ایک بلین ڈالر تک بڑھنے کا امکان ہے۔ اس سے معیشت مستحکم ہو گی اور روزگار کے بھی نئے مواقع پیدا ہونگے۔ حکومت کے پاس بے روزگاری کو ختم کر کے تمام شہریوں کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کا یہ بہترین موقع ہے۔ حکومت اب اسے عملی جامہ پہنانے کی کوشش کرے تاکہ عوام کو اس کے جلد ثمرات ملنا شروع ہو جائیں۔