راوی روڈ اور ٹھوکر میں چھتیں گرنے سے 2 مزدور ہلاک، 3 زخمی

08 نومبر 2013

لاہور (نامہ نگار) راوی روڈ کے علاقہ میں زیر تعمیر دو منزلہ عمارت کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک مزدور ہلاک جبکہ ایک مزدور شدید زخمی ہو گیا جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ایک زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 50 سالہ مزدور ہلاک  اور 2 شدید زخمی ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ راوی روڈ کے علاقہ ٹمبر مارکیٹ پلاٹ نمبر 33 میں محمد انور نامی شخص نے جوتوں کی فیکٹری بنائی ہوئی تھی اور  فیکٹری کی بالائی منزل میں اس کی رہائش تھی۔ بالائی منزل پر مزید کمرے بنانے کے لئے تعمیراتی کام جاری تھا  فیکٹری کی چھت کمزور ہونے کی وجہ سے نیچے آ گری اور ملبے تلے دب کر فیکٹری میں کام کرنے والے 2 مزدور سمیع اور عمر چھت کے ملبے تلے دب کر شدید زخمی ہو گئے۔ عمر کی نعش ریسکیو ٹیموں نے 2 گھنٹے بعد ملبے سے باہر نکال لی۔ ہلاک ہونے والا عمر اور زخمی سمیع اللہ اوکاڑہ کے رہائشی ہیں۔ پولیس نے فیکٹری کے مالک محمد انور کو حراست میں لے لیا ہے۔ ادھر ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب رمضان کے تین منزلہ مکان پر تعمیراتی کام جاری تھا  چھت کا لینٹر گرنے سے ملبے تلے دب کر تین مزدور عاشق، شہباز اور فیصل زخمی ہو گئے امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تینوں مزدوروں کو ملبے تلے سے نکال کر ہسپتال پہنچایا جہاں عاشق نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا متوفی عاشق گوجرانوالہ کا رہائشی اور پانچ بچوں کا باپ تھا۔