وزیراعظم نے انور بیگ کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا چیئرمین مقرر کردیا

08 نومبر 2013

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم میاں نواز شریف نے سابق سینیٹر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما انور بیگ کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا چیئر مین مقرر کردیا۔ جمعرات کو ترجمان وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے سابق سینیٹر انور بیگ کی بطور چیئر مین بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام تقرری کی منظوری دیدی۔ سابق سینیٹر انور بیگ مسلم لیگ (ن) کے رہنما ہیں۔ چیئرمین بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا عہدہ کافی عرصہ سے خالی پڑا تھا۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی آخری سربراہ پیپلز پارٹی کی رہنما فرزانہ راجہ تھیں۔ فرزانہ راجہ کے دور میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اربوں روپوں کی کرپشن کے کئی سکینڈل منظر عام پر آئے۔ فرزانہ راجہ نے پیپلز پارٹی کے بعض وزراء اور ایوان صدر کی ہدایات پر ایک مخصوص گروپ کو پانچ سال کے دوران 10ارب روپے سے زائد کی میڈیا کمپین بھی دی جس میں بھی وسیع پیمانے پر کرپشن کی شکایات سامنے آئیں۔