ایشین ہاکی چیمپنئز ٹرافی ۔ پاکستان نے بھارت کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

08 نومبر 2013

 کاکا میگارا(سپورٹس رپورٹر) ایشین ہاکی چیمپنئز ٹرافی میں پاکستان نے روایتی حریف  بھارت کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ جاپان کے شہر کاکا میگارا میں جاری ایشین ہاکی چیمپنئز ٹرافی کے میچ میں پاکستان نے بھارت کو چار کے مقابلے میں  5گول سے شکست دی۔ پاکستان ایشین ہاکی چیمپنئز ٹرافی میں اب تک ناقابل شکست ہے اس نے اپنے تمام میچوں میں فتح حاصل کی۔ دونوں ٹیموں کے جارحانہ کھیل کے باعث میچ کا پہلا ہاف دو دو گول سے برابر رہا۔ دوسرے ہاف میں قومی شاہینوں کی جانب سے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار کے مقابلے میں پانچ گول سے کامیابی حاصل کی۔ قومی ٹیم اپنا آخری گروپ میچ آج میزبان جاپان کے خلاف کھیلے گی۔ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل دس نومبر کو ہو گا۔ پاکستان ٹرافی کا دفاع کر رہا ہے۔ گزشتہ سال پاکستان نے فائنل میں بھارت کو ہرا کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ 2010ء میں کھیلی گئی پہلی ہاکی چیمپئنز ٹرافی بھارت نے جیت لی تھی۔