کینیڈین کمپنی سے شمسی توانائی کامعاہدہ ۔۔ عوام گیس اور بجلی چوروں کو بے نقاب کریں ۔ شہباز شریف

08 نومبر 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب حکومت اور کینیڈین سولر کمپنی کے مابین گذشتہ روز شمسی توانائی کے منصوبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ معاہدے کے تحت کینیڈا کی سولر کمپنی قائداعظم سولر پارک چولستان میں 5 سو میگاواٹ کا سولر پراجیکٹ لگائے گی۔ پہلے مرحلے میں 2 سو میگاواٹ کا پلانٹ ایک سال میں جبکہ 3 سو میگاواٹ کا پلانٹ اگلے دو سالوں میں مکمل کیا جائے گا۔ کینیڈین سولر کمپنی 5 سو میگاواٹ کے سولر پاور پراجیکٹ پر تقریباً پونے دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی جبکہ پنجاب حکومت منصوبے کے پراجیکٹ کیلئے زمین مفت فراہم کرے گی۔ معاہدے پر دستخطوں کی تقریب میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف، چودھری شیر علی خان، جہانزیب خان، کینیڈین سولر کمپنی کے سینئر نائب صدر گلوبل ہیڈ آف یوٹیلٹی سولر پراجیکٹ مسٹر چارلس بائی اور کمپنی کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے معاہدے پر دستخطوں کی تقریب کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اور کینیڈا کی سولر کمپنی کے مابین توانائی کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ خوش آئند ہے۔ کینیڈین کمپنی پنجاب میں شمسی توانائی کے 5 سو میگاواٹ کے پاور پلانٹ کیلئے تمام سرمایہ کاری خود کرے گی۔ ہم کینیڈین کمپنی کی پنجاب میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں اور توانائی کے شعبے میں یہ ایک اچھی پیش رفت ہے۔ بجلی کی پیداوار کیلئے زیادہ تر انحصار تھرمل پر ہے اور ہر سال 10 ارب ڈالر تیل کی درآمد پر خرچ کرنا پڑ رہا ہے۔ پاکستان جیسا غریب ملک اس کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ دنیا بھر میں سولر پاور پلانٹس کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے اسی لئے پنجاب حکومت بھی سولر انرجی کے منصوبوں کو ترجیح دے رہی ہے۔ جنوبی پنجاب کے علاقے چولستان میں قائداعظم سولر پارک کے منصوبے پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ پنجاب حکومت ایک ہزار میگاواٹ سولر پاور پراجیکٹ لگانے کے منصوبے پر بھی تیزی سے کام کر رہی ہے اور ابتدائی طور پر 100 میگاواٹ کا پاور پراجیکٹ صرف چند مہینوں میں بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا۔ شہباز شریف نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ گیس و بجلی چوری میں ملوث افراد پاکستان یا قوم کی کوئی خدمت نہیں کر رہے، یہ قومی مجرم ہیں اور کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ عوام سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ گیس اور بجلی چوروں کو بچانے کی بجائے قومی مفاد میں ان کو بے نقاب کریں۔ پنجاب حکومت گیس و بجلی چوروں کے خلاف بھرپور مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔ پنجاب حکومت امن و امان کے قیام پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کرنے والوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ بجلی کی قیمتوں کے بارے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا عام آدمی پر بوجھ نہیں ڈالا گیا۔ حکومت 2 سو یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو 155 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں حکومت توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے۔ کینیڈین کمپنی کے سینئر نائب صدر چارلس بائی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کمپنی پاکستان سمیت دنیا کے 20 ممالک میں کام کر رہی ہے۔ پنجاب حکومت کے ساتھ توانائی کے شعبے میں مل کر کام کرنے میں ہمیں خوشی ہو گی۔ شہباز شریف توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈینگی کی وبا سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ متعلقہ ادارے پوری طرح متحرک ہیں۔ حکومت، منتخب نمائندوں، سرکاری محکموں اور عوام کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت ڈینگی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انسداد ڈینگی کیلئے گذشتہ برسوں وضع کردہ پلان پر عملدرآمد کیا جاتا تو ڈینگی کبھی دوبارہ سر نہ اٹھاتا۔ ڈینگی مچھر کا 2011ء میں صوبے سے خاتمہ کیا تھا، دوبارہ بھی ڈینگی کو شکست دیں گے۔ منتخب نمائندے ڈینگی مچھر سے بچائو کی احتیاطی تدابیر کے بارے میں پمفلٹس خود عوام میں تقسیم کریں۔ وہ گذشتہ روز انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ انسداد ڈینگی ریگولیشنز پر پوری طرح عملدرآمد کرایا جائے۔ ان قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے والے ہوٹلوں، شادی ہالوں اور دیگر اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ بس اڈوں، قبرستانوں اور دیگر پبلک مقامات کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی ڈینگی کٹس کی شہریوں میں فوری تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔ ارکان اسمبلی اپنے علاقوں میں ہسپتالوں کے علاوہ دوسرے حلقوں میں واقع ہسپتالوں کے بھی دروے کریں اور ڈینگی بخار کے مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیں اور اس حوالے سے رپورٹ پیش کریں۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ میٹرو اور ایل ٹی سی کی بسوں کے علاوہ پرائیویٹ بسوں میں بھی سپرے کیا جائے اور اس ضمن میں پرائیویٹ بس مالکان کو پابند کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جنرل پریکٹشنرز کے ساتھ مربوط کوآرڈینیشن نہایت ضروری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مجالس کے مقامات اور امام بارگاہوں میں بھی فی الفور سپرے کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے زیر تعمیر عمارات میں لاروا کی نشاندہی پر متعلقہ ٹھیکیداروں اور مالکان کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قذافی سٹیڈیم میں زیر تعمیر عمارت سے لاروا برآمد ہونے پر متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ دریں اثناء شہباز شریف سے وفاقی وزیر پیر امین الحسنات سمیت مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے گذشتہ روز ملاقات کی اور اپنے اپنے علاقوں کے ترقیاتی مسائل سے آگاہ کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں پیر محمد امین الحسنات کے علاوہ ناصر اقبال بوسال، عامر عنایت شہانی، قیصر سندھو، مولانا محمد رحمت اﷲ اور ملک محمد علی کھوکھر شامل تھے۔ دریں اثناء شہباز شریف سے جنرل الیکٹرک انٹرنیشنل کمپنی کے وفدنے گذشتہ روز ملاقات کی۔ ملاقات میں لیکویڈ فیول کی بنیاد پر 750 میگا واٹ پاور پلانٹ کے مجوزہ منصوبے پر بات چیت ہوئی۔ جنرل الیکٹرک انٹرنیشنل کمپنی کے کمرشل ڈائریکٹر نے مجوزہ منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ منصوبے کا تمام پہلوئوں سے جائزہ لے کر عملدرآمد کے لئے روڈ میپ وضع کیا جائے۔ جینکو پنجاب حکومت کے ماہرین اور جنرل الیکٹرک انٹرنیشنل کمپنی کے انجینئرز مل بیٹھ کر مجوزہ منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیں اور منصوبے پر عملدرآمد کے لئے آئندہ 3 روز میں روڈ میپ پیش کیا جائے۔