عالمی برادری مہاجرین کی وطن واپسی کیلئے افغان حکومت کی مدد کرے: پاکستان
اقوام متحدہ (اے پی پی) پاکستان نے لاکھوں افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے لئے ساز گار ماحول پیدا کرنے کیلئے عالمی برادری سے افغان حکومت کی مدد کی اپیل کی ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب مسعود خان نے جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی کے اجلاس میں پیش کی گئی ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی رپورٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ کئی سال سے پاکستان میں مقیم لاکھوں افغان مہاجرین پاکستان کی معیشت پر بوجھ ہیں اس لئے عالمی برادری ان کی وطن واپسی کیلئے افغان حکومت کی مدد کرے تاکہ وہ اپنے ہاں ساز گار ماحول کے قیام کیلئے ٹھوس اقدامات کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انسانی وقار کے منافی ہے کہ افغان مہاجرین اپنی زندگیوں کے کئی کئی سال عارضی کیمپوں میں بسر کریں۔ پاکستانی مندوب نے بتایا کہ33 سال گزرنے کے باوجود پاکستان اب بھی30 لاکھ سے زیادہ افغان مہاجرین کو پناہ دیئے ہوئے ہے اور اب ان کو وطن واپس جانا چاہئے۔ اس موقع پر افغان مندوب نے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصہ سے جاری جنگ کی صورتحال کے باعث ایک کروڑ افغان باشندے ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے جن کی وطن واپسی کیلئے افغانستان کو عالمی برادری کی طرف سے تسلسل کے ساتھ امداد کی فراہمی کی ضرورت ہے۔