پاکستان سے اغواء کر کے افغانستان منتقل کئے جانے والا 7 سالہ بچہ بازیاب ماموں سمیت 3 ملزم گرفتار

08 نومبر 2013

پشاور(آن لائن) پاکستان سے بچے اغواء کرکے افغانستان منتقل کئے جانے کا انکشاف‘ پشاور پولیس نے افغانستان کے شہر جلال آباد میں چھاپہ مار کر سات سالہ بچے کو بازیاب کرواکر تین ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق اویس نامی بچے کو سات اکتوبر کو پشاور کے علاقے تھانہ پہاڑی پورہ سے اغواء کیا گیا اور طورخم بارڈر سے افغانستان کے شہر جلال آباد منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے بچے کی بازیابی کیلئے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی۔ تحقیقات کے بعد پولیس نے اغواء میں ملوث بچے کے ماموں محمد حسین اور اس کے ساتھی محمد آصف سمیت تین ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ تفتیش کرنے پر مرکزی ملزم محمد حسین نے بتایا کہ اپنے بھانجے محمد اویس کو تاوان کیلئے اغواء کرایا تھا اور بچہ جلال آباد میں ہے جس پر پشاور پولیس اور افغان پولیس نے جلال آباد شہر میں چھاپہ مار کر بچے اویس کو بازیاب کروا لیا۔ پولیس نے اغواء کاروں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔