معافی مانگنے پر جی ایم، ڈپٹی، ڈی آئی جی ریلوے کیخلاف توہین عدالت کا نوٹس خارج

08 نومبر 2013

لاہور(وقائع نگار خصوصی )لاہورہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے غیر مشروط معافی مانگنے پر جی ایم ریلوے ،ڈپٹی جنرل مینیجر ریلوے اور ڈی آئی جی ریلوے کیخلاف توہین عدالت کا نوٹس خارج کردیا۔ دوران سماعت عدالت کے روبرو جی ایم ریلوے اور ڈی آئی جی ریلوے نے پیش ہوکر غیر مشروط معافی مانگی جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پہلے عدالتی حکم کی خلاف ورزی اور پھر غیر مشروط معافی کی کیا حیثیت ہے آپ شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بنے ہوئے ہیں ہر کام آئین اور قانون کے تحت  ہوگا۔ عدالتوں کا احترام سب پر لازم ہے۔ عدالت نے عدالتی حکم کے باوجود گھر خالی کروانے پر ریلوے کے ملازم محمد علی کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی شفاف انکوائری کروانے اور ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کاحکم دیتے ہوئے غیر مشروط معافی مانگنے پر جی ایم اور ڈی آئی جی ریلوے کیخلاف توہین عدالت کا نوٹس خارج کردیا اور کیس کی مزید سماعت پندرہ روز تک ملتوی کردی۔