پاکستان اور بنگلہ دیش کو ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا چاہئے: سہراب حسین

08 نومبر 2013

لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان اور بنگلہ دیش کو ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے جس سے اُن کی معیشت کو تقویت ملے گی۔ اس مقصد کیلئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور بنگلہ دیشی ہائی کمیشن اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر سہراب حسین اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے لاہور چیمبر میں ایک ملاقات کے موقع پر کیا۔ قاضی ہمایوں فرید، افتخار علی ملک، سعیدہ نذر، خاور رشید، میاں تشریف جاوید، راجہ حامد ریاض، میاں مقصود بٹ، محمد اسلم چودھری، محمد افضل اور رحمت اللہ جاوید نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے اپنے خطاب کے دوران باہمی تجارت کو فروغ دینے اور معاشی تعلقات مستحکم کرنے کیلئے دونوں ممالک کے نجی شعبے کے درمیان اشتراک کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے شعبے ایسے ہیں جن میں دونوں ممالک کے تاجر مشترکہ منصوبہ سازی کا آغاز کرسکتے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی تاجروں پر زور دیا کہ وہ ہر سال بنگلہ دیش میں منعقد ہونے والی انٹرنیشنل نمائش میں شرکت کریں جس سے اُن کے بنگلہ دیشی تاجروں کے ساتھ تعلقات وسعت اختیار کریں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور میں سارک ممالک کی نمائش منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے جس کا مقصد سارک کے اراکین ممالک کو نزدیک لانا ہے۔

کراچی سے نیو یارک

کراچی پہنچ کر وزیراعلیٰ پنجاب نے کراچی کو نیو یارک بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ...