صوبائی وزرا، ارکان اسمبلی کا مختلف ہسپتالوں کا دورہ، ڈینگی علاج کی سہولتوں کا جائزہ

08 نومبر 2013

لاہور(نیوزرپورٹر+خبر نگار)ممبران صوبائی اسمبلی نے گزشتہ روز شہر کے سرکاری و غیر سرکاری ہسپتالوں کا دورہ کیا اور ڈینگی بخار کے مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا - وزیر اعلی نے پرائیویٹ ہسپتالوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی بخار کے مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کریں - صوبائی وزیر صحت خلیل طاہر سندھو نے لاہو رجنرل ہسپتال اور حمیدلطیف ہسپتال‘ صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے میو ہسپتال ‘ ایم این اے پرویز ملک نے واپڈا ہسپتال ‘ ارکان صوبائی اسمبلی باؤ اختر ، محسن لطیف اور رانا تجمل پر مشتمل ٹیم نے شیخ زید ہسپتال ، فاروق ہسپتال ، الشافی ہسپتال اور خان ہسپتال ‘  وحید گل ، رمضان صدیق بھٹی او رملک حبیب اعوان نے شالیمار ہسپتال اور گورنمنٹ کوٹ خواجہ سعید ہسپتال‘ملک وحید اور غزالی بٹ پر مشتمل ٹیم نے شالیمار ہسپتال ، سوشل سیکورٹی ہسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی - چیئرمین ٹائون ایمرجنسی رسپانس کمیٹی و رکن قومی اسمبلی مہر اشتیاق احمدنے کہا ہے کہ سمن آباد ٹائون کی8یونین کونسلوں میں ڈینگی سرویلنس کا کام مکمل کر لیا گیا  جبکہ باقی کی 4یونین کونسلوں میں آج کام مکمل کر لیاجائے گا۔ڈسٹرکٹ کوآر ڈینیشن آفیسر لاہور ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے نو لکھا ٹائر مارکیٹ کا اچانک دورہ کیااور وہاں ڈینگی کے حوالے سے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ گورا قبرستان اور عزیز بھٹی ٹا ئون میں واقع قبرستان کا بھی دَورہ کیا۔دریں اثناء کمشنر لاہور ڈویژن راشد محمود لنگڑیال نے گلبرگ ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن کو ہدایت کی کہ گلبرگ ٹاؤن کی حدود میں واقع 54 قبرستانوں میں موجود غیر ضروری جھاڑیوں کو ہر صورت ختم کیا جائے انہوں نے انسداد ڈینگی کے سلسلے میں گورا قبرستان گلبرگ سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کیا-