مساجد و مزارات کا تحفظ آخری دم تک کریںگے‘ محمد ثروت قادری
کراچی (نیوز رپورٹر)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثر وت اعجاز قادری نے کہاہے کہ اہلسنت کے حقوق کا استحصال کسی صورت نہیںہونے دیں گے،مساجد و مزارات کا تحفظ آخری دم تک کریں گے ،بانی وقائد سنی تحریک شہید محمد سلیم قادری رحمہ اللہ علیہ کے نیک مشن پر چلتے ہوئے اسلام اور پاکستان کی سربلندی کیلئے جدوجہدکرتے رہیں گے،دہشتگردی اور فرقہ واریت کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے علماءحق آگے آئیں،محرم الحرام امن،محبت،صبر،برداشت اور انسانیت کے احترام کا درس دیتاہے،ظالم وجابر اور باطل قوتوں کے سامنے ڈٹ جاناہی حسینیت ہے،مذہبی ہم آہنگی ،رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیکر ملک سے دہشتگردی کو ختم اور قیام امن کی کوششوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جاسکتاہے۔ثروت اعجاز قادری نے کہاکہ پاکستان کو مضبوط وخوشحال اور توانائی کے بحران سے نکالنا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان دنیا کے نقشے پر ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوسکے،انہوں نے کہاکہ ہماری طرح دیگر مذہبی وسیاسی جماعتوں کو بھی چاہئے کہ وہ قانون کی بالادستی،انصاف کا سستاحصول،دہشتگردی وفرقہ واریت کے خاتمے کیلئے آواز اٹھائیں،انہوں نے کہاکہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے نقش قدم پر چل کر ہی حالات کا مقابلہ اور ظالم وجابر انسانیت کے دشمنوں کو شکست دی جاسکتی ہے۔