بلدیاتی الیکشن سمیت ہر انتخابی عمل سے گزر نے کیلئے تیار ہیں ، سینیٹر سعید غنی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے رہنما و سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ نامصائب حالات کے باوجود پیپلز پارٹی عوام کی عدالت میں جانے پر یقین رکھتی ہے بلدیاتی الیکشن سمیت ہر انتخابی عمل سے گزرنے کیلئے تیار ہے پیپلز پارٹی کی تمام امتیازات سے بالاتر پالیسی کی وجہ سے عوام طبقات بھٹو شہید کی پارٹی میں شامل ہورہے ہیں وہ اخترکالونی میں پیپلز پارٹی سٹی ایریا 114کے تحت شمولیت کی تقریب سے خطاب کررہے تھے جس سے ضلع جنوبی کے صدر حاجی قاسم بلوچ ذوالفقار قائم خانی، محمد اقبال، سجاد احمد پپی اور اقبال کشمیری نے بھی خطاب کیا اس موقع پر سابق کونسلرملک اعجاز، نادر پٹھان، فاضل عباسی، جاوید جدون، آفتاب احمد، ارشاد تنولی،سلطان خٹک نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا سینیٹر سعید غنی نے مزید کہا کہ (ن)لیگ کی حکومت ہر محاذ پر ناکام نظر آتی ہے ملک خارجی اور اندرونی طور پر غیر مستحکم ہونے کے علاوہ معاشی و اقتصادی طور پر بدحالی عوام کا مقدر بن گئی ہے پیپلز پارٹی ضلع جنوبی کے صدر حاجی قاسم بلوچ نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کرنے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عوامی حقوق کا تحفظ پیپلز پارٹی کا منشور ہے سندھ کونسل کے رکن ذوالفقار قائم خانی نے کہا کہ عوام کو ہوشربا مہنگائی ، بے روزگاری اور بد امنی دینے والے حکمران پیپلز پارٹی کا مقابلہ نہیں کرسکتے اسٹیل مل کی طرح آنے والے ہر انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی یقینی ہے سٹی ایریا114 کے صدر محمد اقبال نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی واحد سیاسی قوت ہے جو ہر وقت عوام کے درمیان رہتی ہے اور مسائل سے نکالنے کی جدوجہد کرتی ہے۔