دفاعی صلاحیت اور قومی اتحاد

08 نومبر 2013

مکرمی! پاکستان کی طرف سے حتف نصر کا جو کامیاب تجربہ اور عزم نو چہارم مشقیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہماری افواج اور دفاع سے وابستہ دیگر ادارے اپنے گھوڑے تیار رکھے ہوئے ہیں اور اپنا خون گرم رکھنے کیلئے جھپٹنے پلٹنے اور پلٹ کر جھپٹنے پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں۔ عزم نوچہارم مشقوں میں تینوں مسلح افواج نے حصہ لیا۔ان مشقوں میں اینٹی ایئر کرافٹ گنوں ، ٹینکوں ، توپخانے ، ایئر ڈیفنس کے ساتھ ساتھ جے ایف 17 تھنڈر اور ایف 16 طیاروںنے بھی اپنی کارکردگی کا بھرپور مظاہرہ کیا جبکہ ملٹی بیرل راکٹ لانچرز سے ہدف کو نشانہ بنانے کا براہ راست مظاہرہ بھی کیا گیا۔ یہ بھی قوم کیلئے خوشی اور فخر کی بات ہے کہ مشقوں میں زیادہ تر استعمال ہونیوالے ہتھیار اندرون ملک تیار کئے گئے اور آج دنیا بھر میں اپنی جدت اور کارکردگی کے لحاظ سے اپنا منفرد مقام رکھتے ہیں۔ میں قوم، افواج پاکستان، سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور یہ درخواست کرتا ہوں کہ اگر ہم مختلف فرقہ بندی، لسانی، مذہبی، سیاسی اور نسلی امتیازات کو ختم کرکے وطن عزیز کیلئے متحد ہوجائیں تو کوئی وجہ نہیں کہ اندرونی و بیرونی سازشیں فوری طورپر تہہ خاک ہوجائیں۔ (محمد امجد چوہدری، اسلام آباد)